ابنا: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکمرانوں نے ملک کو ان گنت بحرانوں میں ڈال دیا ہے۔ وزارت عظمی کے منصب کو خودکش حملہ آور بنا دیا گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ آصف علی زرداری سوئس بینکوں میں پڑے چھ ارب روپے واپس نہیں لائیں گے اور ہر آنے والے وزیراعظم کو قربانی کا بکرا بناتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت انتہائی حساس چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک میں ناقابل برداشت مہنگائی، بے روزگاری اور بیس سے بائیس گھنٹے کے لوڈ شیڈنگ نے عوام سے سکون چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب پاکستان مسلم لیگ ن کے وزارت عظمی کے امیدوار ہیں اگر وہ منتخب ہوگئے تو فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کے انتخاب میں عوام دیکھ لے گی کہ لوڈ شیڈنگ اور کرپشن کا ساتھ دینے والے کون ہیں اور جمہوریت اور اداروں کے استحکام کے لیے کام کرنے والے کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی اپنے اندر خوداحتسابی کا عمل شروع کرے ۔ چیف جسٹس کی مثال ان کے سامنے ہے جنہوں نے اپنے بیٹے کو کٹہرے میں کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ملک ریاض کے ساتھ ان کی کوئی کاروباری شراکت نہیں۔ آشیانہ ہاوٴسنگ اسکیم میں اوپن بولی کے ذریعے ٹھیکہ دیا گیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110